Thursday, April 18, 2024

ایران کا حادثے کا شکار یوکرائن کے طیارے کا بلیک باکس دینے سے انکار

ایران کا حادثے کا شکار یوکرائن کے طیارے کا بلیک باکس دینے سے انکار
January 8, 2020
تہران (92 نیوز) ایران نے حادثے کا شکار یوکرائن کے طیارے کا بلیک باکس دینے سے انکار کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق بوئنگ سیون تھری سیون نے  کیوو کیلئے تہران کے امام خمینی ایئر پورٹ سے اڑان بھری ہی تھی کہ تھوڑی دیر بعد ہی مضافاتی علاقے پرند میں گرکر تباہ ہو گیا۔ عینی شاہدین کی جانب سے بنائی گئی فوٹیج میں  حادثے سے قبل طیارے سے آگ نکلتے  اور کریش ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ طیارے میں عملے کے نو ارکان اور 167 مسافر سوار تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں بیاسی ایرانی، تریسٹھ کینیڈین اور گیارہ یوکرائنی  شہری شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ انجن فیل ہونے کے باعث پیش آیا تاہم ایران نے  طیارے کا بلیک باکس دینے سے انکار کر دیا۔ سول ایوی ایشن کے سربراہ  علی عابد زادے کے مطابق ابھی یہ طے نہیں کیا گیا بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کیلئے کس ملک کو دیں گے۔ ایران  میں یوکرائنی سفارتخانہ  طیارے کا انجن فیل ہونے کے اپنے ابتدائی بیان سے پیچھے ہٹ گیا۔ نئے بیان میں سفارتخانے نے کہا کہ حادثے کی وجوہات کو منظر عام پر نہیں لایا جاسکتا، گزشتہ بیان  آفیشل نہیں تھا۔ یوکرائنی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے تک ایران کیلئے فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔