Thursday, May 9, 2024

ایران پاکستان میں سعودی عرب کیساتھ مذاکرات پر رضا مند

ایران پاکستان میں سعودی عرب کیساتھ مذاکرات پر رضا مند
October 15, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) خطے میں امن کیلئے وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کے مثبت نتائج آنے لگے، ایران نے پاکستان میں سعودی عرب سے مذاکرات پررضامندی ظاہر کردی، وزیراعظم ایران اور سعودی عرب تنازع حل کرنے کیلئے اگلے مرحلے میں آج ریا ض جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کا امن فارمولا کام کرگیا، سعودی عرب سے بات چیت کیلئے سہولت کاری کی پیش کش پرایران مان گیا، ذرائع کے مطابق ایران نے وزیراعظم سے کہا کہ وہ اسلام آباد میں بیٹھ کر سعودی عرب سے مذاکرات پر تیار ہے۔ عمران خان نے خطے میں امن کی آدھی سیڑھی عبور کرلی، دوسرے مرحلے میں آج سعودی عرب جائیں گے جہاں سعودی حکام کو بھی ایران کے ساتھ اسلام آباد میں مذاکرات کی پیشکش کریں گے اور ایرانی قیادت کی تجاویز سے بھی آگاہ کریں گے۔ سعودی عرب اور ایران کی رضا مندی کے بعد مذاکرات کی تاریخ اور ایجنڈا طے کیا جائے گا، پاکستان، سعودی عرب اور ایران کی خارجہ وزارتیں مشاورت سے امور طے کریں گی۔ وزیراعظم عمران خان آج ہی سعودی عرب سے وطن واپس بھی آ جائیں گے جبکہ 22 اکتوبر کو دوبارہ سعودی عرب جائیں گے اور ریاض میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کریں گے۔