Sunday, September 8, 2024

ایران نے خلیج فارس میں امریکی بحریہ کی دو کشتیوں کو روک لیا‘ 10 فوجی زیرحراست

ایران نے خلیج فارس میں امریکی بحریہ کی دو کشتیوں کو روک لیا‘ 10 فوجی زیرحراست
January 13, 2016
تہران (ویب ڈیسک) ایرانی سکیورٹی فورسز نے خلیج فارس میں امریکی بحریہ کی دو کشتیوں کو روک لیا۔ کشتیوں میں سوار دس امریکی فوجیوں کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایران نے خلیج فارس میں موجود دو امریکی کشتیوں اور ان میں سوار عملے کے ارکان کو تحویل میں لے لیا ہے تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس نے کشتیاں واپس کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ پینٹاگان کے مطابق خلیج میں موجودامریکی بحریہ کی دوچھوٹی کشتیوں کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ انہیں ایرانی بحری حدود میں چلے جانے پر ایرانی کوسٹ گارڈز نے پکڑ لیا ہے۔ پینٹاگان کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ کے حکام نے ایران سے رابطہ کیا تو انہوں نے کشتیاں فوری طور پر واپس کرنے اور عملے کے ارکان کو چھوڑنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پینٹاگان کے ترجمان پیٹر کک نے کہا کہ کشتیاں کویت اور بحرین کے سمندری حدود میں سفر کر رہی تھیں کہ ان کا اچانک امریکی حکام سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ وائٹ ہاو¿س کے ڈپٹی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر بین رہوڈز نے کہا ہے کہ انتظامیہ واقعے سے آگاہ ہے اور وہ معاملے کو اس انداز میں حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ عملے کے ارکان اپنی تعیناتی کے مقام پر پہنچ جائیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی کشتیاں پکڑنے کو امریکی خارجہ پالیسی کی ناکامی قرار دیا جبکہ جیب بش نے کہا اس واقعے سے اوباما کی ایران پالیسی کی کمزوری سامنے آ گئی ہے۔ اب تک امریکی ملاح واپس نہیں آئے تو اس پر سودے بازی کی بجائے عملی کارروائی کی جانی چاہئے۔