Thursday, April 18, 2024

ایران نے جوہری ڈیل سے جزوی طور پر دستبرداری کا اعلان کر دیا

ایران نے جوہری ڈیل سے جزوی طور پر دستبرداری کا اعلان کر دیا
May 8, 2019
 تحران (92 نیوز) ایران نے جوہری ڈیل سے جزوی طور پر دستبرداری کا اعلان کردیا ۔ صدر حسن روحانی کا کہنا ہے ڈیل میں شامل ممالک بینکنگ اور خام تیل کی تجارت سے متعلق مدد کا وعدہ پورا کریں ۔ ایران، امریکہ تنازع شدت اختیار کر گیا۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے 2015 کے عالمی نیوکلیئر معاہدے کے ایک حصے سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر نے اپنے خطاب میں معاہدے کے فریقین برطانیہ، فرانس، چین، جرمنی اور روس کوخبردار کیا ہے کہ اگر وہ 60 دنوں میں ایران کے بینکنگ اور تیل کے شعبے کو امریکی پابندیوں سے نہیں بچاتے تو تہران یورینیم افزودگی کے عمل کی بحالی کا آغاز کر دے گا اور اسے فروخت کرنے کے بجائے اپنے ملک میں ہی محفوظ رکھے گا۔ گزشتہ برس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے ایران پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ ایران کی جانب سے اس اعلان سے ایک ہی دن قبل امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے عراق کا ایک غیر اعلانیہ دورہ کیا اور امریکہ نے ایک جنگی بحری بیڑا خلیجِ فارس میں بھیج دیا ہے۔ امریکہ کے مشیر قومی سلامتی جان بولٹن کا کہنا ہے کہ یہ قدم ایران کی جانب سے متعدد دھمکیوں اور اکسانے والے بیانات کے جواب میں اٹھایا گیا ہے۔