Saturday, April 20, 2024

ایران نے جوہری پابندیاں قبول کر کے اقتصادی پابندیاں ہٹوا لیں، ایران اور 6عالمی طاقتوں کے درمیان معاہدہ طے پا گیا

ایران نے جوہری پابندیاں قبول کر کے اقتصادی پابندیاں ہٹوا لیں، ایران اور 6عالمی طاقتوں کے درمیان معاہدہ طے پا گیا
July 14, 2015
ویانا (ویب ڈیسک) ایران کے جوہری پروگرام پر ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان معاہدہ طے پا گیا جبکہ ایران نے ماضی کی جوہری سرگرمیوں کی تفتیش کےلئے عالمی توانائی ایجنسی کے ساتھ روڈ میپ پر بھی دستخط کر دیئے۔ معاہدے کے بعد ایران پر عائد تمام اقتصادی پابندیاں اٹھا دی جائیں گی جبکہ اسلحہ کی درآمد پر پابندی برقرار رہے گی۔ معاہدے کے تحت جوہری پروگرام محدود کرنے پر ایران کے خلاف عائد عالمی اقتصادی پابندیاں نرم کر دی جائیں گی۔ اقوامِ متحدہ کے انسپکٹرز جوہری سرگرمیوں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ ایرانی کی فوجی تنصیبات کے دوروں کا مطالبہ بھی کر سکیں گے تاہم ایران کو اقوامِ متحدہ کے نگرانوں کی درخواست چیلنج کرنے کا حق حاصل ہوگا اور اس صورت میں فیصلہ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کا ثالثی بورڈ کرے گا۔ ایرانی طلبہ کے جوہری شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے پر عائد پابندی بھی ہٹا لی جائے گی۔ ایران پر عائد پابندیاں اٹھانے کےلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد منظور کی جائے گی۔ قرارداد میں دس سال کےلئے پابندیاں اٹھانے کی مدت مقرر ہوگی۔ ایران کے اعلیٰ عہدیداروں نے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں کے ساتھ ان کی اچھی ڈیل ہو گئی ہے۔ پاکستان نے ایران کے ساتھ معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ اس معاہدے کے بعد پاک ایران گیس منصوبہ مکمل کرنا ممکن ہو جائے گا۔ اسرائیل نے اس معاہدے پر شدید تنقید کی۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ دنیا نے یہ معاہدہ کرکے تاریخ کی بدترین غلطی کی۔