Monday, September 16, 2024

ایران نے ایٹمی سائنسدان شاہرم امیری کو پھانسی دیدی

ایران نے ایٹمی سائنسدان شاہرم امیری کو پھانسی دیدی
August 7, 2016
تہران (ویب ڈیسک) ایران کے ایٹمی سائنسدان شاہرم امیری کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ شاہرم امیری سن دو ہزار دس سے ایران میں قید تھے۔ تفصیلات کے مطابق شاہرم امیری کے خاندان کا کہنا ہے کہ انھیں پھانسی دے دی گئی ہے اور ان کی تدفین بعد میں کی جائیگی۔ شاہرم امیری کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کا جسد خاکی ان کے آبائی علاقے بھجوایا گیا ہے اور ان کی گردن پر موجود رسی کے نشانات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ انھیں پھانسی دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ ایٹمی سائنسدان شاہرم امیری کو امریکا سے ایران واپسی پر ایک خفیہ مقام سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہرم امیری ایرانی ایٹمی پروگرام کے بارے میں وسیع معلومات رکھتے تھے۔ وہ سن دو ہزار نو میں مکہ میں دوران حج لاپتہ ہو گئے تھے اور پھر ایک سال بعد امریکا میں منظرعام پر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انھیں امریکی ادارے سی آئی اے نے اغوا کیا تھا۔ شاہرم امیری کے بقول امریکی اہلکار ایرانی ایٹمی پروگرام بارے حساس معلومات کے حصول کیلئے ان پر شدید نفسیاتی دباﺅ ڈالتے رہے حتیٰ کہ انہیں انجکشن بھی لگائے گئے۔ دو ہزار دس میں وطن واپسی پر ان کا ایک ہیرو کی طرح استقبال کیا گیا تھا۔