Friday, May 17, 2024

ایران میں کورونا وائرس سے مزید 113 افراد جاں بحق

ایران میں  کورونا وائرس  سے مزید 113 افراد جاں بحق
March 15, 2020


تہران ( 92 نیوز) یورپ کی طرح مشرق وسطیٰ کے حالات بھی کچھ اچھے نہیں ، کورونا وائرس ایران میں مزید ایک 113 زندگیاں نگل گیا، متاثرین کی تعداد تیرہ ہزار نو سو اڑتیس تک جا پہنچی، عالمی میڈیا نے سب سے متاثرہ شہر قُم میں کھودی گئی مبینہ اجتماعی قبروں کی تصاویر جاری کر دیں۔

مشرق وسطیٰ میں کورونا کے سب سے خونی وار ایران میں جاری ہیں ، جہاں ایک ہی روز میں مزید ایک سو تیرہ مریض زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جس کے بعد مجموعی اموات سات سو چوبیس ہوگئی ہیں۔

ایرانی وزارت صحت کے مطابق ملک میں چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک ہزار دو سو نو افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ، اب تک ملک میں متاثرین کی تعداد  تیرہ ہزار نو سو اڑتیس ہوچکی ہے۔

ایران کی خراب صورتحال پر عالمی میڈیا پر کچھ سٹیلائٹس تصاویر بھی وائرل ہوچکی ہیں ،جس میں ملک کے سب سے زیادہ متاثرہ شہر قُم کے مرکزی قبرستان میں تیزی کے ساتھ قبروں میں اضافہ دیکھا گیا، جبکہ ان میں ایک سو گز کی قبر دیکھی جاسکتی ہے۔

ایران میں کورونا انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے جس نے کئی اہم حکومتی عہدیدران کو بھی اپنا شکار بنالیا ، صدر حسن روحانی نے اس کا ذمہ دار امریکا کی جانب سے عائد سخت پابندیوں کو ٹھہرایا ہے۔