Saturday, April 20, 2024

ایران میں کورونا سے 129 افراد جاں بحق

ایران میں کورونا سے 129 افراد جاں بحق
March 17, 2020

تہران ( 92 نیوز)  کورونا کے مشرق وسطیٰ سمیت دنیا بھر میں خونی وار جاری ہیں ، ایران  میں مزید 129 ، مصر میں دو اور بھارت میں ایک مریض ہلاک ہوگیا ۔ عالمی سطح پر ہلاکتیں سات ہزار 174 ہوگئیں ، سعودی عرب، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، میکسیکو اور وینزویلا میں مزید کیسز رپورٹ ہوگئے، متاثرین کی تعداد ایک لاکھ بیاسی ہزار سات سو سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔

قاتل کورونا نے چین اور یورپ کے بعد سب سے زیادہ تباہی ایران میں مچائی ہے ، جہاں اب تک 853 مریض لقمہ اجل بن چکے ہیں، اہم عہدیداران سمیت پندرہ ہزار کے قریب افراد میں وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔

سعودی عرب میں مزید 15 افراد کورونا سے متاثر ہوگئے ، مملکت میں مریضوں کی تعداد 133 ہوچکی ہے ، مصر میں وائرس سے متاثرہ مزید دو افراد دم توڑ گئے ، ملک میں چالیس نئے کیسز کے ساتھ مریضوں کی تعداد ایک سو ساٹھ سے بڑھ گئی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں اب تک 98 مریضوں کی تشخیص ہوچکی ہے ، وزارت خارجہ نے بگڑتی صورتحال کے پیش نظر اپنے تمام شہریوں کو وطن واپسی کی ہدایت کردی۔

مشرق وسطیٰ کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی کورونا کے خونی وار جاری ہیں ، بھارت میں کورونا کا مزید ایک مریض ہلاک ہوگیا ، ملک میں مجموعی متاثرین کی تعداد ایک سو انتیس اور ہلاکتیں تین ہوچکی ہیں۔

براعظم امریکا کی بات کرتے ہیں ، جہاں میکسیکو میں انتیس اور وینزویلا میں سولہ مریض سامنے آگئے ہیں ، ادھر آسٹریلیا میں بھی انتالیس اور نیوزی لینڈ میں تین نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔