Friday, March 29, 2024

ایران میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں ، پاک ایران گیٹ بند

ایران میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں ، پاک ایران گیٹ بند
February 24, 2020
کوئٹہ ( 92 نیوز) ایران میں کرونا وائرس سےہلاکتوں پر پاکستان  میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ،  پاک ایران گیٹ ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا۔ پاک ایران گیٹ کو ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا ہے، محکمہ داخلہ بلوچستان کی ہدایت پر پاکستان اور ایران کے درمیان غیر قانونی آمدورفت کو روکنے کیلئے کوئٹہ، مستونگ، نوشکی اور چاغی میں خصوصی چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں ۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق سرحدی علاقے تفتان میں 100 بستروں پر مشتمل میڈیکل کیمپ قائم کرنے کے ساتھ 10 ہزار ماسک ،ڈاکٹرز کی ٹیم سمیت دیگر سامان تفتان پہنچادیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایران میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں حفاظتی اقدامات شروع کر دیے  گئے، چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں  متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریف کرتے ہوئے سیکرٹری صحت نے بتایاکہ اس وقت ایران میں 5 ہزار پاکستانی زائرین ہیں جن کا تعلق ملک کے مختلف علاقوں سے ہے جنہیں یکم مارچ کے بعد واپس آناہے جبکہ تفتان میں پاکستان  ہاؤس میں 78زائرین موجود ہیں۔ چیف سیکرٹری نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ زائرین سمیت تمام مکاتب فکر کے افرادکوتب تک  نا ہی ایران جانے دیاجائے اورناہی آنے دیاجائے ،جب تک اس بات کی تصدیق ناہوجائے کہ وہ کروناوائرس کا شکارنہیں ہیں ۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ  ایران سے زائرین کے آنے کی صورت میں انہیں 14 روز تک نگرانی میں رکھاجائے اور پھر انکے متعلقہ علاقوں میں  بھیج دیاجائے۔ انہوں نے کسٹم ، ایف آئی اے اور ایف سی حکام کو ہدایت کی کہ زائرین اور دیگر افراد کوسختی  سے ایران جانے سےروکا جائے، اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ کروناوائرس سے نمٹے کے لئے تیارہے، کروناوائرس سے بچاؤ کی ادویات اور ویکسین بلوچستان میں موجود ہیں۔