Friday, April 26, 2024

ایران میں کرونا وائرس سے سپریم لیڈر کے مشیر سید محمد میرمحمدی سمیت مزید بارہ مریض انتقال کر گئے

ایران میں کرونا وائرس سے سپریم لیڈر کے مشیر سید محمد میرمحمدی سمیت مزید بارہ مریض انتقال کر گئے
March 2, 2020
 تحران (92 نیوز) ایران میں کرونا وائرس سے اموات جاری ہیں۔ سپریم لیڈر کے مشیر سید محمد میرمحمدی سمیت مزید بارہ مریض انتقال کر گئے جس کے بعد اموات چھیاسٹھ ہو گئیں۔ کرونا وائرس کا عالمی پھیلاؤ تیز ہونے لگا۔ ایران میں درجن کے قریب مزید افراد زندگی کی بازی ہار گئے جن میں سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر سید محمد میر محمدی بھی شامل ہیں۔ جنوبی کوریا میں کرونا کے پھیلاؤ میں تیزی آگئی۔ ایک ہی روز میں چھ سو کے قریب افراد میں وائرس کی تشخیص ہو گئی ہے۔ ادھر اٹلی میں بھی متاثرین کی تعداد میں پچاس فیصد اضافہ ہو گیا ہے جہاں اب تک ایک ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ امریکا میں کرونا سے دوسری ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی۔ ستر سالہ متاثرہ شخص ریاست واشنگٹن کے شہر سیاٹل کا رہائشی تھا۔ ملک بھر میں وائرس متاثرین کی تعداد بھی نوے تک جاپہنچی ہے۔ چین میں کرونا کا زور ٹوٹ گیا۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو سو متاثرین اور بیالیس اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ اب تک پنتالیس ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ انڈونیشیا، پُرتگال، آئس لینڈ اور اینڈورا بھی کرونا متاثرہ ممالک میں شامل ہوگئے ہیں۔ بھارت، عراق، جرمنی، کویت میں مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ دوسری جانب کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کی وجہ سے ملائیشیا میں منعقد ہونے والا سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ملتوی کر دیا گیا۔ دوحہ میں شیڈول قطر موٹو جی پی بھی منسوخ کر دی گئی۔