Thursday, April 25, 2024

ایران میں کرونا وائرس، بلوچستان حکومت نے وفاق اور عالمی اداروں سے مدد مانگ لی

ایران میں کرونا وائرس، بلوچستان حکومت نے وفاق اور عالمی اداروں سے مدد مانگ لی
February 25, 2020
کوئٹہ (92 نیوز) ایران میں کرونا وائرس پھیلنے پربلوچستان حکومت نے وفاق اورعالمی اداروں سے مدد مانگ لی۔ بلوچستان نے وفاق سے ماہرین کی معاونت اور طبی آلات کی فراہمی کے حوالے سے مدد طلب کی ہے، ذرائع کے مطابق عالمی ادارہ صحت، یونیسیف اور عالمی ڈونرز سے بھی مدد مانگی گئی ہے۔ مزید تھرمل گنز، ماسک، دستانے اور ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری کٹس کی بھی ضرورت ہے۔ ادھر پاک ایران سرحد تیسرے روز بھی بند ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق ایران سے آنے والے زائرین14 روز کیلئے قرنطینہ مرکز منتقل کردئیے گئے جہاں ان افراد کا روزانہ کی بنیاد پر طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔ طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ خوراک اور رہائش کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ کلی سٹیشن میں واقع بیسک ہیلتھ یونٹ کو آئسولیشن وارڈ بنا دیا گیا ہے۔ اتوار کو 25 کے قریب پاکستانی تاجر اور باشندے سرحدی دروازے پر پھنس گئے تھے، ان افراد کے پاسپورٹ پر ایرانی حکام نے ملک سے خارج ہونے کی مہر لگا دی تھی۔ سرحد کی بندش کے باعث دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ایران سرحد کی بندش کے بعد افغان سرحد پر بھی حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ افغانستان میں صورتحال خراب ہوئی توافغان سرحد بھی بند کر دی جائے گی، پاک ایران سرحد 900 کلومیٹر جبکہ افغانستان کے ساتھ اڑھائی ہزار کلومیٹر طویل سرحد ہے۔