Tuesday, May 14, 2024

ایران میں پھنسے پاکستانی زائرین کی وطن واپسی کیلئے انتظامات کر لیے : دفترخارجہ

ایران میں پھنسے پاکستانی زائرین کی وطن واپسی کیلئے انتظامات کر لیے : دفترخارجہ
November 3, 2015
اسلام آباد (92نیوز) ایران میں پھنسے ہوئے پاکستانی زائرین کے معاملے کا دفتر خارجہ نے نوٹس لے لیا۔ دفتر خارجہ حکام کا کہنا ہے کہ محصور پاکستانی آئندہ تین روز میں مختلف پروازوں کے ذریعے وطن واپس پہنچیں گے۔ تفصیلات کے مطابق زیارات کے لیے جانے والے 600 پاکستانیوں کو ٹریول ایجنٹ ایران عراق سرحد پر بے یارو مددگار چھوڑ کر روپوش ہوگئے تھے جس کی وجہ سے یہ پاکستانی دیارغیر میں مشکلات کا شکار ہوگئے۔ 92 نیوز کے رابطہ کرنے پر ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے بتایا کہ دفتر خارجہ نے صورتحال کا نوٹس لے لیا ہے۔ ایران میں تعینات پاکستانی سفیر نور محمد جادمانی کو ہدایت کی ہے کہ زائرین کو وطن بھجوانے کے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ پاکستانی سفارتی عملہ ایران میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں سے رابطے میں ہے۔ دفتر خارجہ حکام کا کہنا ہے کہ 600 میں سے 120 پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں جبکہ 480 پاکستانیوں کو واپس بھجوانے کے اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ محصور پاکستانی آئندہ تین روز میں مختلف پروازوں کے ذریعے وطن واپس پہنچیں گے۔ ایران میں پھنسے پاکستانیوں کو ایرانی حکام نے قم شہر میں زیارات کے لیے اجازت دے دی ہے۔