Friday, April 26, 2024

ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان واپس لانے کے لیے دائر درخواست مسترد

ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان واپس لانے کے لیے دائر درخواست مسترد
April 1, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان واپس لانے کے لیے دائر درخواست مسترد کر دی گئی۔ ایران میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیئے کہ ایران میں ہزاروں پاکستانی پھنسے ہیں اور ان کے ویزے بھی ختم ہو چکے ہیں جس پر چیف جسٹس نے پارلیمنٹ اور ایگزیکٹو سے رابطہ کرنے کی تجویز دے دی۔ چیف جسٹس کے استفسار پر وکیل نے بتایا کہ انہوں نے وزارت خارجہ سے رجوع نہیں کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت پر اعتماد کریں۔ یہ بین الاقوامی سطح کا مسئلہ ہے، یہ معاملہ پارلیمنٹ اور وزارت خارجہ کا ہے۔ عدالت ان معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتی۔ آپ متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔ یہ اخذ نہ کریں کہ حکومت کچھ نہیں کر رہی۔ عدالت کسی بھی تنازعے میں نہیں پڑے گی، درخواست مسترد کرتے ہیں۔