Saturday, April 20, 2024

ایران میں مزید 135 افراد کورونا سے ہلاک ، ترکی میں پہلی ہلاکت رپورٹ

ایران میں مزید 135 افراد کورونا سے ہلاک ، ترکی میں پہلی ہلاکت رپورٹ
March 18, 2020

تہران ( 92 نیوز) کورونا وائرس نے مشرق وسطیٰ میں بھی پنجے گاڑلیے ، ایران  میں صورتحال تشویش ناک حد تک خراب ہوگئی، ایران میں مزید 135 مریض کورونا وائرس کی بھینٹ چڑھ گئے، مجموعی اموات 988 ہوگئیں۔ترکی میں بھی وائرس سے پہلا شخص ہلاک ہوگیا ہے۔ جبکہ بحرین نے کورونا سے نمٹنے کے لیے 11 ارب ڈالر سے زائد رقم مختص کردی۔

مشرق وسطیٰ میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے ، ایران میں صورتحال قابو سے باہر ہو گئی ، ہلاکتوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہونے لگا۔ ایران میں کورونا سے اب تک 988 افراد کو ابدی نیند سلا چکا ہے، جبکہ وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 16 ہزار سے زائد ہے جن میں سے 5389 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ادھر  ترکی میں بھی پہلا شخص وائرس سے ہلاک ہو گیا ہے۔ وزیرصحت کے مطابق مرنے والے کی عمر 89 سال تھی اور اس کا وائرس سے متاثرہ شخص سے رابطہ ہوا تھا۔

 ترکی میں وائرس کے 51 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ مجموعی تعداد 98 ہو گئی ہے۔

بحرین نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے جی ڈی پی کا 29 فیصد سے زائد حصہ مختص کر دیا ہے جو 11 ارب ڈالر سے زائد رقم پر مشتمل ہے۔ بحرین میں وائرس سے ایک شخص ہلاک ہو چکا ہے تاہم کیسز کی تعداد 241 ہو چکی ہے۔

لبنان میں بھی وائرس سے ایک اور شخص جان کی بازی ہار بیٹھا ہے۔ مجموعی ہلاکتیں 4 ہو گئی ہیں۔ مجموعی کیسز کی تعداد 124 تک پہنچ چکی ہے۔

دوسری جانب قطر میں 442، مصر میں 196، عراق میں 154، کویت میں 130 اور متحدہ عرب امارات میں 113 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔