Thursday, April 25, 2024

ایران میں عسکری تربیتی مشقوں میں میزائل کشتی پر جا لگا، 19 ایرانی فوجی جاں بحق

ایران میں عسکری تربیتی مشقوں میں میزائل کشتی پر جا لگا، 19 ایرانی فوجی جاں بحق
May 11, 2020
تہران (92 نیوز) ایران میں ملکی بحریہ کی عسکری تربیتی مشقوں کے دوران ایرانی کشتی میزائل کی زد میں آ گئی۔ اس واقعے میں 19 ایرانی فوجی جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔ ایران میں جاری بحری مشقوں کے دوران۔۔افسوس ناک واقعہ پیش آگیا ہے۔ ایرانی میزائل کی زد میں آکر ایرانی کشتی تباہ ہوگئی۔ 19 کے قریب ایرانی فوجی جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ واقعہ خلیج فارس کے علاقے میں جاری ایرانی بحری تربیتی مشقوں کے دوران پیش آیا۔مشقوں میں شریک ایک ایرانی بحری جنگی جہازجماران سے داغا گیا ایک میزائل حادثاتی طور پر ایران ہی کےکونارک نامی جنگی بحری جہاز پر جا گرا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق کونارک بحری جہاز نے ایک ہدف سمندر میں چھوڑنا تھا، جسے جماران بحری بیڑے سے داغے گئے میزائل سے نشانہ بنایا جانا تھا۔ تاہم ہدف چھوڑنے کے بعد کونارک بحری جہاز بھی ہدف کے انتہائی قریب ہی موجود رہا۔بحریہ کے مطابق اس واقعے کی تکنیکی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ کونارک میزائل بردار جنگی بحری جہاز ایران ہی میں تیار کیا گیا ہے۔ ایرانی افواج آبنائے ہرمز میں باقاعدگی سے فوجی مشقیں کرتی رہتی ہیں۔ ایران ماضی میں آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی دھمکی بھی دیتا رہا ہے۔ دنیا بھر میں فروخت ہونے والے تیل کا پانچواں حصہ خلیج فارس میں اسی بحری گزر گاہ سے گزر کر جاتا ہے۔ آبنائے ہرمز ہی سے گزشتہ برس ایران نے ایک برطانوی آئل ٹینکر کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا تھا، جس کے بعد ایران اور برطانیہ کے مابین کشیدگی بہت بڑھ گئی تھی۔ امریکا اور مغربی اتحادیوں نے بھی اس اہم آبی تجارتی راستے کے تحفظ کے لیے خطے میں اپنے جنگی بحری بیڑے تعینات کر رکھے ہیں۔