Saturday, May 18, 2024

ایران ،عراق زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 450 ہو گئی ، 7 ہزار سے زائد زخمی

ایران ،عراق زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 450 ہو گئی ، 7 ہزار سے زائد زخمی
November 14, 2017

تہران (92 نیوز) ایران اور عراق میں گزشتہ روز آنے والے ہولناک زلزلے سے جانی نقصان میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار سو پچاس ہو چکی ہے جبکہ سات ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔
ایران اور عراق کے سرحدی علاقوں میں سات اعشاریہ چار شدت کا زلزلہ تباہی کی نئی داستان رقم کر گیا۔ زلزلے سےایرانی صوبہ کرمان شاہ سب سے زیادہ متاثر ہوا جس کے قصبے سرپول میں تین سو سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔
صوبائی گورنر کے مطابق درجنوں دیہات صفحہ ہستی سے مٹ چکے ہیں جبکہ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ رات سے اب تک متاثرہ علاقوں میں ایک سو چودہ آفٹر شاکس آچکے ہیں۔
زلزلے سے سیکڑوں عمارتیں تباہ ہو گئیں جن کے ملبے سے نکالے گئے ہزاروں زخمیوں کو تہران اور دوسرے شہروں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔
ایرانی صدر حسن روحانی نے وزرا کو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کارروائیاں دیکھنے کی ہدایت کی۔ ریسکیو کارروائیوں کے مطابق سیکڑوں افراد اب بھی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کا کام جاری ہے۔ تاہم گزرتے وقت کیساتھ ان کے بچنے کے امکانات کم ہوتے جا رہے ہیں۔
زلزلے سے عراق کے بھی کئی علاقے متاثرہوئے۔ صوبے سلیمانیہ کےعلاقے دربندی خان میں کئی مکانات تباہ ہو گئے۔   ترکی اور اٹلی کی جانب سے وہاں امدادی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔