Thursday, April 25, 2024

ایران شام میں اسد حکومت کا حامی، یمن میں حوثی باغیوں کی مدد کر رہا ہے، فلسطین، اسرائیل تنازع کے دو ریاستی حل سے مایوس نہیں ہوئے: براک اوباما

ایران شام میں اسد حکومت کا حامی، یمن میں حوثی باغیوں کی مدد کر رہا ہے، فلسطین، اسرائیل تنازع کے دو ریاستی حل سے مایوس نہیں ہوئے: براک اوباما
May 13, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر براک اوباما نے جمعرات کو کیمپ ڈیوڈ میں عرب سربراہ کانفرنس سے پہلے عرب ملکوں کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے۔ عرب اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں براک ااوباما نے ایران پر کڑی تنقید کی اور فلسطین اسرائیل تنازع کے دو ریاستی حل کی بات دہرائی۔ امریکی صدر براک اوباما نے الشرق الاوسط کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ  ایران سے متعلق خلیجی ممالک کے خدشات درست ہیں، ایرانی ریاست دہشتگردی کو بڑھاوا دے رہی ہے ۔ ایران خطے میں کئی ممالک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کیلئے خطرناک رویہ اختیار کرتا ہے۔ ایران شام میں اسد حکومت کا حامی ہے جبکہ یمن میں حوثی باغیوں کی مدد کر رہا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ خلیجی ممالک کی سکیورٹی کے بارے میں امریکہ کے وعدوں پر کوئی شک نہیں ہونا چاہئے۔ جہاں تک ایران کے مستقبل کا سوال ہے، میں ایران کے اندرونی حالات کے متعلق پیشگوئی نہیں کر سکتا۔ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ بھی ایران امریکہ تعلقات میں تبدیلی نہیں لا سکتا۔ اوباما نے کہا کہ وہ اسرائیل فلسطین تنازع میں دو ریاستی حل سے مایوس نہیں ہوئے لیکن خطے کے حالات کشیدہ ہونے اور سنجیدہ مذاکرات نہ ہونے سے مشکلات بڑھی ہیں۔ ہم نئی اسرائیلی حکومت اور فلسطینیوں کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ عملی پیشرفت کریں۔ اپنے اقدامات اور پالیسیوں کے ذریعے پیشرفت دکھائیں اور دو ریاستی حل کیلئے حقیقی عزم کا اظہار کریں۔