Thursday, March 28, 2024

ایران سے آنیوالے زائرین کوئٹہ منتقل کرنے کا فیصلہ

ایران سے آنیوالے زائرین کوئٹہ منتقل کرنے کا فیصلہ
March 5, 2020
کوئٹہ ( 92 نیوز) بلوچستان حکومت نے ایران  سے آنے والے زائرین کو کوئٹہ منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ، تین ہزار سے زائد زائرین کو کوئٹہ لایا جائے گا ، رہائش کیلئے ہزار گنجی میں قرنطینہ سنٹر کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ ادھر پاکستان ہاؤس تفتان میں زائرین کی تعداد بائیس سو سے زائد ہوگئی ہے ۔ چین سے باہر 80 سے زائد ممالک میں 214 افراد مہلک وبا کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں اور بارہ ہزار چھ سو اڑسٹھ افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔اٹلی میں مزید 28 افراد کی ہلاکت سے مجموعی طور پر 107 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ حکام نے اسکولوں اور یونیورسٹیوں کو 15 مارچ تک بند اور کھیلوں کی تقریبات میں 2 اپریل تک تماشائیوں کے آنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ایران میں کرونا سے ہلاک افراد کی تعداد 92 تک پہنچ گئی ہے اورعراق میں بھی وائرس پہلے دو افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں پہلا شخص ہلاک ہونے سے امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ ہنگری میں کرونا وائرس کے پہلے دو کیسز اور فرانس میں 73 نئے کیسز سامنے آ گئے ہیں۔ برطانیہ میں کرونا تیزی سے پھیل رہا ہے اور مریضوں کی تعداد 87 ہو گئی ہے۔ نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق چین میں مزید اکتیس افراد کرونا وائرس کا شکار ہو گئے اور دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے بتیس سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ ہانگ کانگ میں کرونا وائرس کے  ایک مریض کے پالتو کتے میں بھی وبا کی تشخیص سے انسان سے جانور میں منتقلی کا کیس سامنے آ گیا۔ حکام نے وائرس سے متاثرہ جانوروں کو بھی 14 دن تک قرنطینہ میں رکھنے کے احکامات جاری کر دیے ۔ آئی ایم ایف نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر 50 ارب ڈالر کی امدادی رقم مختص کرنے کا اعلان کردیا۔امریکا نے بھی کرونا وائرس کی ویکسین اور ادویات تیار کرنے اور متاثرہ افراد کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے  8.3 ارب ڈالر کا ایمرجنسی بل منظور کر لیا ہے۔ ادھر کرونا وائرس نے ٹریول اور فوڈ انڈسٹریز کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ تیل پیدا کرنے والے ممالک کو وائرس کے پھیلاو سے 10 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔