Friday, May 3, 2024

ایران ،حکومت مخالف مظاہروں میں شدت ، ہلاکتوں کی تعداد 22 ہو گئی

ایران ،حکومت مخالف مظاہروں میں شدت  ، ہلاکتوں کی تعداد 22 ہو گئی
January 2, 2018

تہران ( 92 نیوز ) ایران میں حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آگئی  ہے ۔ مظاہرین نے پولیس اسٹیشن پر قبضے کی کوشش کی ۔ سکیورٹی فورسز نے بھی شدید جارحانہ ردعمل کامظاہرہ کیا۔  5 روز سے جاری کشیدگی میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہوگئی۔

ایران میں جاری مظاہروں کے دوران سکیورٹی فورسز کو 2009 کے بعد پہلی مرتبہ شدید مزاحمت کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

مظاہرین نے رات گئے ایک پولیس سٹیشن پر بھی حملہ کر دیا ۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مظاہرین پولیس اسٹیشن پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔عمارت کے ایک حصے کو آگ بھی لگائی گئی۔

ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے چھٹے روز ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 22 تک  پہنچ گئی جن میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔

ادھرایران کے صدرحسن روحانی کا کہنا ہے کہ ایرانی قوم قانون توڑنے والی اقلیت سے نمٹ لے گی جبکہ  امریکی صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کی ہے کہ ایران میں تبدیلی کا وقت آگیا ہے۔ ایرانی صدر نے کہا کہ مظاہرین معاشی اصلاحات نہیں کچھ اور چاہتے ہیں ۔

ان مظاہروں کا آغاز جمعرات کو ایران کے دوسرے بڑے شہر مشہد سے ہوا تھا۔ ایران میں عوام کے گرتے ہوئے معیارِ زندگی اور کرپشن کے خلاف ہونے والا یہ احتجاج 2009 میں اصلاحات کے حق میں ہونے والی ریلی کے بعد سب سے بڑا عوامی احتجاج ہے۔