Saturday, April 27, 2024

ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے کی توثیق سے متعلق فیصلہ آج ہو گا

ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے کی توثیق سے متعلق فیصلہ آج ہو گا
May 8, 2018
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر نے اعلان کیا کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والے جوہری معاہدے کی توثیق سے متعلق فیصلہ آج ہو گا۔ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا ہےکہ ایٹمی معاہدے کی توثیق سےمتعلق اپنا فیصلہ وہ آج امریکی وقت کے مطابق دوپہر دوبجے سنائیں گے۔ امریکی صدر ایران کے میزائل پروگرام اور خطےمیں بڑھتے ہوئے اس کے اثرورسوخ کی وجہ سے بارہا اس معاہدے کو ختم کرنے کی دھمکی دے چکے ہیں۔ ٹرمپ معاہدے سے الگ ہوئے تو 2015  میں ایران پر سے اٹھائی گئی پابندیاں دوبارہ عائد ہو جائیں گی۔ روس، برطانیہ، جرمنی اور فرانس چاہتے ہیں کہ امریکا اس معاہدے سے دستبردار نہ ہو اور اسے برقرار رکھا جائے جبکہ برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے کہا معاہدے نے ایران کے جوہری عزائم کو ہتھکڑی لگا دی ہے اور اگر معاہدہ ختم کیا گیا تو اس کا فائدہ صرف ایران کو ہی ہوگا۔ دوسری جانب ایرانی صدر واضح کر چکےہیں کہ اگر امریکا معاہدے سے دستبردار ہوا تو ایران کے پاس جوابی منصوبہ موجود ہے جس پر امریکا کو پچھتانا پڑ سکتا ہے۔