Wednesday, April 24, 2024

ایران اور سعودیہ میں بات چیت کیلئے اسلام آباد کا فورم حاضر ہے ، عمران خان

ایران اور سعودیہ میں بات چیت کیلئے اسلام آباد کا فورم حاضر ہے ، عمران خان
October 13, 2019
 تہران (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا خطے میں نیا تنازع دنیا کیلئے تباہ کن ہوگا۔ ایران اور سعودیہ میں بات چیت کیلئے اسلام آباد کا فورم حاضر ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی کی اہم ملاقات ہوئی۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں عمران خان کا کہنا تھا یہ میری ایرانی صدر کے ساتھ تیسری ملاقات ہے۔ ہمارے ایران کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں۔ 1965میں ایران نے جس طرح ساتھ دیا وہ آجتک یاد ہے۔ کشمیریوں کی حمایت پر ایران کے مشکور ہیں۔ عمران خان بولے افغانستان ابھی تک مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ ہم نے محسوس کیا ایران اور سعودیہ تنازع کافی پیچیدہ ہے۔ ہم خطے میں کوئی نیا تنازع نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا سعودی عرب اور ایران میں تنازعے کا حل مذاکرات ہی ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا خطے میں کوئی بھی نیا تنازع دنیا کیلئے تباہ کن ہو گا۔ ایران اور سعودی عرب میں جنگ نہیں چاہتے۔ ثالثی نہیں بلکہ سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہوں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ایران سعودی عرب تنازع سے غربت میں اضافہ ہو گا۔ ثالثی کا اقدام پاکستان نے خود اٹھایا ہےکسی نے نہیں کہا ۔ منگل کو سعودی عرب جارہا ہوں۔ حسن روحانی بولے عمران خان سے خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ پاکستان اور ایران برادر پڑوسی ملک ہیں۔ خطے میں امن کے خواہاں ہیں۔ پاکستان اور ایران مل کر خطے میں استحکام کیلئے کاوشیں کر سکتے ہیں۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا سکیورٹی اور امن سے متعلق صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ حالیہ واقعات خصوصی طور پر خلیج فارس اور دیگر معاملات پر بات ہوئی۔ ایرانی تیل بردار جہاز پر حملے سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا۔ ایرانی صدر حسن روحانی بولے وزیراعظم عمران خان سے جوہری توانائی سے متعلق بھی بات ہوئی ہے۔ مغربی قوتیں جنگ کو ہوا دینا چاہتی ہیں۔ عمران خان کو خلیج فارس کے حالات کی بہتری کیلئے کچھ نکات بتائے ہیں۔ امید ہے خیرسگالی کے اظہار کا مثبت جواب دیا جائیگا۔