Wednesday, May 1, 2024

ایران اور سعودی عرب تنازع پاکستان کیلئے تباہ کن ہوگا، وزیراعظم

ایران اور سعودی عرب تنازع پاکستان کیلئے تباہ کن ہوگا، وزیراعظم
January 16, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ایران اور سعودی عرب میں تنازع پاکستان کیلئے تباہ کن ہو گا، وزیراعظم عمران خان نے جرمن نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن لانے کی بہترین کوشش کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے دوران گفتگو کہا کہ ہم اپنی بہترین کوشش کر رہے ہیں کہ ایران اور امریکا کے درمیان تعلقات خراب نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ افغان طالبان، امریکا اور افغان حکومت امن حاصل کر لیں۔ عمران خان نے بھارت کے حوالے سے گفتگو میں کہا کہ میں پہلا لیڈر تھا جس نے بھارت میں جو ہو رہا ہے، اس کے حوالے سے دنیا کو آگاہ کیا تھا۔ بھارت پر ہندتوا کا راج ہے، یہ آر ایس ایس کا نظریہ ہے، جو نازیوں سے متاثر ہے، آر ایس ایس کا نظریہ مسلمانوں اور اقلیتوں سے نفرت پر مبنی ہے، ایک نیوکلیئر طاقت کو انتہاء پسند چلا رہے ہیں۔ وزیراعظم بولے کہ مقبوضہ کشمیر کے محاصرے کو 5 ماہ سے زائد وقت ہو چکا ہے، میں نے وزیراعظم بننے کے بعد بھارت سے مذاکرات کی کوشش کی، آر ایس ایس کے نظریہ کی وجہ سے بھارت نے میری پیشکش کا مثبت جواب نہیں دیا، عالمی میڈیا نے مسئلہ کشمیر کو کم کوریج دی، مغربی ممالک کیلئے تجارتی مفادات زیادہ اہم ہیں۔