Thursday, May 9, 2024

ایدھی اورنج لائن منصوبہ سندھ حکومت کیلئے چیلنج بن گیا

ایدھی اورنج لائن منصوبہ سندھ حکومت کیلئے چیلنج بن گیا
October 15, 2019
کراچی ( 92 نیوز) ایدھی اورنج لائن منصوبہ سندھ حکومت کیلئے چیلنج بن گیا، صرف چار کلومیٹر کا ٹریک تاحال مکمل  نہ ہوا،بس اسٹیشنز اور دیگر تعمیراتی کام بھی ادھورا  ہے جب کہ منصوبے کا سنگ بنیاد جون 2016میں رکھا گیا۔ ایدھی اورنج لائن منصوبے کو ایک سال میں مکمل کیا جانا تھا، لاگت 634 ملین روپے سے کئی گنا بڑھ چکی  ہے، بس ڈپو بھی تعمیر نہیں کیے جاسکے،بسوں کی خریداری کا معاہدہ بھی نہیں ہوا۔ کراچی  پاکستان کو 70 فیصد ریونیو دینے والا شہر ہے لیکن پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے سنگین مسئلے کا شکار  ہے ، بسوں میں جگہ نہ ملنے کے باعث دروازے پر لٹکنا یا چھتوں پر بیٹھنا شہریوں کا مقدر بن گیا ۔ سندھ حکومت نے جون 2016 میں ایدھی اورنج لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، اور ایک سال میں مکمل کرنے کا اعلان کیا ۔ صرف 4 کلومیٹر کا منصوبہ چیلنج بن گیا،  3 سال بعد بھی اورنگی سے بورڈ آفس تک ٹریک بھی نامکمل ہے ، بس اسٹیشنز اور دیگر تعمیراتی کام بھی ادھورا ہے ۔ ایدھی اورنج لائن منصوبے کی لاگت 634 ملین روپے سے کئی گنا بڑھ چکی ہے  ، بی آرٹی منصوبہ کیلئے بس ڈپو بھی تعمیر نہیں کیے جاسکے  جبکہ بسوں کی خریداری کا معاہدہ بھی نہیں ہوا ۔ پبلک ٹرانسپورٹ نظام سے محروم کراچی میں 11 سال کے دوران کوئی بڑا منصوبہ مکمل نہیں کیا جاسکا ۔