Tuesday, April 16, 2024

ایبٹ آباد، گلیات، نتھیا گلی سمیت بالائی علاقوں میں برفباری

ایبٹ آباد، گلیات، نتھیا گلی سمیت بالائی علاقوں میں برفباری
January 16, 2017

ایبٹ آباد (92نیوز) ایبٹ آباد، گلیات اور نتھیا گلی سمیت بالائی علاقوں میں سفید گالوں کے گرنے کا نیا سلسلہ جاری، برف باری اور پھسلن سے شاہراہوں پر ٹریفک جام، محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کردی۔ تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد، گلیات اور نتھیا گلی سمیت بالائی علاقوں میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ 

برف باری اور پھسلن سے شاہراہوں پر ٹریفک جام ہے اور سیاحوں کی بڑی تعداد علاقے میں محصور ہوکر رہ گئی ہے۔ ایبٹ آباد میں برف باری سے شہر کا درجہ حرارت مائنس ون تک گر گیا اور علاقہ شدید سردی کی لپیٹ میں ہے جبکہ نتھیا گلی، ایوبیہ، باڑہ گلی، ٹھنڈیانی اور چھانگلہ گلی میں شدید برف باری ہورہی ہے۔

پہاڑی علاقے میں موجود سیاح موسم کی اس دلفریبی سے لطف اندوز ہورہے ہیں تو برف باری سے راستے بند ہونے سے ان کے لئے مشکلات بھی پیدا ہو رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12 گھنٹے کے دوران بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے جس سے سردی کی شدت مزید بڑھے گی۔