Thursday, April 25, 2024

ایان علی کی کرنسی اسمگلنگ کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور، مستقل استثنیٰ کی درخواست مسترد

ایان علی کی کرنسی اسمگلنگ کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور، مستقل استثنیٰ کی درخواست مسترد
April 28, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) ماڈل گرل ایان علی کی کرنسی اسمگلنگ کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی۔ آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ لطیف کھوسہ کہتے ہیں ایان علی دہشتگردی کیس میں ملوث نہیں کہ باربار نام ای سی ایل میں ڈال دیا جاتا ہے۔ ڈالر گرل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت راولپنڈی کی کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب احمد نے کی۔ سماعت کے آغاز پر عدالت کو بتایا گیا کہ ایان علی بیماری کے باعث پیش نہیں ہوئیں لہٰذا ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔ وکیل خرم لطیف کھوسہ نے ساتھ ہی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کر دی جس پر بحث کے بعد عدالت نے ایان علی کی ایک روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے مستقل استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی۔ کسٹم عدالت نے ڈالر گرل کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت چھبیس مئی تک ملتوی کر دی۔ سماعت  کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ایان علی دہشتگرد نہیں کہ اس کا نام بار بار ای سی ایل  میں ڈالا جاتا ہے۔ انہوں نے حکمران جماعت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک میں الگ الگ قوانین رائج ہیں حکومت سپریم کورٹ اور آئین کو نہیں مان رہی۔ ملک میں جمہوریت کے نام پر آمریت قائم ہے۔ لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو استعفیٰ دینا ہی پڑے گا۔