Friday, April 26, 2024

ایان علی کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی‘ نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

ایان علی کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی‘ نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم
June 2, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے ایان علی کا نام جس نوٹیفیکیشن کے تحت دوبارہ ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا اسے کالعدم قرار دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل میں دوبارہ شامل کرنے کی توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے ڈالر گرل کا نام دوبارہ شامل کرنے کا نوٹیفیکیشن ہی کالعدم قرار دیدیا۔ عدالت نے سرکاری وکیل کی درخواست پر وفاقی حکومت کو سات روز میں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی مہلت دیدی۔ ایان علی کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی کہ عدالتی احکامات کے باوجود نام ای سی ایل سے خارج نہیں کیا گیا۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ‘ ڈی جی ایف آئی اے سندھ شاہد حیات، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے اور کسٹم کلکٹر کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل سلمان طالب الدین نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کردیا گیا تھا مگر ایان علی کے اوپر منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کے دیگر سنگین الزامات بھی ہیں۔ کسٹم حکام کی درخواست پرنئے میمورنڈم کے تحت ایان علی کا نام دوبارہ شامل کیاگیا۔ وفاقی حکومت نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف 7 روز میں سپریم کورٹ میں اپیل دائرنہ کی تو ڈالر گرل بیرون ملک جانے کے لئے اڑان بھر سکیں گی۔