Thursday, April 18, 2024

ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت سولہ مئی تک ملتوی

ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت سولہ مئی تک ملتوی
May 4, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت سولہ مئی تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے ایان علی کے وکیل کو مکمل دستاویزات ایڈیشنل ڈپٹی اٹارنی جنرل کو فراہم کرنے حکم دے دیا۔ ماڈل ایان علی کو ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے مزید دو ہفتے انتظار کرنا پڑے گا۔ سندھ ہائی کورٹ میں ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ وفاقی حکومت نے جواب سندھ ہائی کورٹ میں جمع کروا دیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی اٹارنی جنرل سلمان طالب الدین نے اپنے دلائل میں کہا کہ ایان علی کا نام عدالتی احکامات پر ای سی ایل سے خارج کر دیا تھا۔ نئے میمورینڈم اور نئے الزامات کے تحت ایان علی کا نام دوبارہ ای سی ایل میں شامل کیا گیا۔ ایان علی کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست غیر مؤثر ہے۔ ماڈل ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ حکومتی وزرااور ان کے بچوں  کے اربوں، کھربوں روپے آف شور کمپنیوں میں لگائے ہوئے ہیں۔ اس پر کوئی نہیں پوچھتا ہے۔ عدالت نے ایان علی کے وکیل کو مکمل دستاویزات ڈپٹی اٹارنی جنرل کو فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 16 مئی تک ملتوی کر دی۔