Sunday, September 8, 2024

ایان علی کا بیرون ملک جانے کا خواب ادھورا، سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل

ایان علی کا بیرون ملک جانے کا خواب ادھورا، سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل
March 17, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) ایان علی کا بیرون ملک جانے کا خواب ادھورا رہ گیا۔ سپریم کورٹ نے ماڈل گرل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا۔ سپریم کورٹ میں ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ سندہ ہائیکورٹ کا فیصلہ سات مارچ کو آیا تھا کہ ای سی ایل سے نام نکالا جائے جس کے خلاف کسٹمز حکام نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی۔ کیس کی سماعت کے دوران کسٹمز کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ نے قانون کا جائزہ نہیں لیا اگر نام ای سی ایل میں آجائے تو متاثرہ فریق حکومت کے پاس اپیل کر سکتا ہے۔ ایسی کوئی اپیل فائل نہیں کی تھی اس لئے ایان علی کا نام ای سی ایل میں دوبارہ شامل کر کے ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کیا جائے۔ ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ کسٹمز حکام سندھ ہائیکورٹ میں کیس کے فریق ہی نہیں تھے اس لئے اپیل دائر نہیں کر سکتے۔ عدالت نے ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے ایان علی کے وکیل کو ایک ہفتے میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔