Saturday, April 27, 2024

ملک چھوڑنے پر پابندی‘ ڈالر گرل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں درج

ملک چھوڑنے پر پابندی‘ ڈالر گرل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں درج
December 8, 2015
راولپنڈی (92نیوز) ماڈل ایان علی کے بیرون ملک جانے کے راستے بند کر دیے گئے ہیں کیونکہ ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے۔ آج کیس کی سماعت کے دوران کسٹم حکام کی جانب سے دس گواہوں کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔ آئندہ سماعت پر گواہوں کے بیان قلمبند ہونگے جس پر مزید کارروائی ہو گی جبکہ ایان علی کی جانب سے فرد جرم کے حکم کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ماڈل ایان علی کے خلاف کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب احمد نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ماڈل ایان علی اپنے وکلاءکے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ کسٹم پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت میں کیس کے دس گواہان بھی عدالت میں پیش کیے گئے۔ سماعت کے دوران ملزمہ کی وکیل شائستہ وہاب نے بتایا کہ سینئر وکلاءہائی کورٹ بار کے الیکشن کے حوالے سے مصروف ہیں جبکہ عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کے حوالے سے ہائی کورٹ میں فیصلے کو چیلنج کردیا ہے لہٰذا کیس کی سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کی جائے جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ بار الیکشن مہم کے ساتھ ساتھ پروفیشنل کام پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ ایان علی کے وکلاءکی جانب سے جائے وقوعہ کا نقشہ طلب کرنے کی درخواست دائر کی گئی جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ سکیورٹی نقطہ نظر سے ائیر پورٹ کا نقشہ پیش کرنا مناسب نہیں جبکہ کسٹم کے پراسیکیوٹر امین فروش کی جانب سے دس گواہان گواہان کو پیش کیا گیا۔ پراسیکیوٹر امین فروش کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمہ کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کی درخواست 20 اپریل سے زیر سماعت ہے جس پر عدالت نے تمام گواہوں کے بیان قلمبند کرنے کے لیے اور منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت دائر درخواست کی سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی۔