Wednesday, April 24, 2024

ایازصادق کی نادرا سے ووٹوں کی تصدیق رکوانے کی درخواست  مسترد

ایازصادق کی نادرا سے ووٹوں کی تصدیق رکوانے کی درخواست  مسترد
March 11, 2015
لاہور(ویب ڈیسک)الیکشن ٹریبونل نے این اے ایک سو بائیس کے ووٹوں پر انگوٹھوں کے نشانات کی نادرا سے تصدیق کرانے کے فیصلے کے خلاف اسپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق کی دائر کردہ درخواست  مسترد کردی۔ الیکشن ٹربیونل کے سربراہ کاظم علی ملک نے اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی درخواست پر سماعت شروع کی تو ان کے وکیل اسجد سعید نے موقف اختیار کیا کہ این اے ایک سو بائیس کے فیصلے میں ٹریبونل کے جج نے ابہام پیدا کیے ہیں۔ فیصلے میں ہونے والی غلطیاں اور ابہام دور کیے جائیں۔ فیصلے میں مسترد ووٹوں سے متعلق غلط اعدادوشمار درج کیے گئے ہیں۔ دوران بحث ان کے اٹھائے گئے اعتراضات کومسترد کرنے کا جواز پیش کیا جائے اور بتایا جائے کہ ان کے اعتراضات کس قانون کے تحت مسترد کیے گئے ہیں۔ نادرا کس قانون کے تحت رجسٹرڈ ووٹرز کی جانچ پڑتال اور کاؤنٹر فائل کی چیکنگ کرے گا۔ انہوں نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ جب کاؤنٹر فائل چیکنگ کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے تو کس قانون کے تحت نادرا سے ووٹوں کی تصدیق کرانے کا حکم جاری کیا گیا۔ الیکشن ٹربیونل نے درخواست خارج کرتے ہوئے عمران خان کی ایاز صادق کے خلاف عذرداری پر کارروائی اٹھارہ مارچ تک ملتوی کر دی ہے۔