Sunday, September 8, 2024

ایاز صادق جعلسازی کے ذریعے دوبارہ قومی اسمبلی پہنچے : جمشید دستی

ایاز صادق جعلسازی کے ذریعے دوبارہ قومی اسمبلی پہنچے : جمشید دستی
January 10, 2016
ملتان (92نیوز) رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے ایاز صادق کو جعلی اسپیکر قرار دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایاز صادق دوبارہ جعل سازی کے ذریعے قومی اسمبلی پہنچے ہیں۔ انہوں نے مظفرگڑھ میں کول پاور پلانٹ لگائے جانے کے خلاف 30 جنوری کو دھرنا دینے کا بھی اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق جمشید دستی نے ایک بار پھر حکومتی ارکان پر تنقید کے نشتر چلا دیے۔ ایاز صادق کو جعلی اسپیکر کہا تو وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریفا اور رانا مشہود کو قاتل قرار دے کر ان کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چوہدری شیر علی کے رانا ثنااللہ پر لگائے گئے قتل کے الزامات نظر کیوں نہیں آتے۔ ملتان پریس کلب میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران جمشید دستی نے بیوروکریسی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپٹ افسران سرائیکی وسیب میں لوٹ مار کرتے ہیں۔ جمشید دستی نے شاہد آفریدی کی صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آفریدی قوم کے ہیرو ہیں‘ انہیں صبر و تحمل سے کام لینا چاہیے تھا۔