Monday, September 16, 2024

ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے نئے سربراہ کی کمان سنبھال لی

ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے نئے سربراہ کی کمان سنبھال لی
March 19, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) ایئرہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کی کمان تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی ۔ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے بائیس ویں سربراہ کی حیثیت سے کمان سنبھال لی ۔

سبکدوش ہونے والے ایئرچیف مارشل سہیل امان نے فضائیہ کی سربراہی کی کمان ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کے سپرد کی اور انہیں ایئر چیف مارشل کے بیجز لگائے ۔

تقریب میں سبکدوش ہونے والے ایئرچیف مارشل سہیل امان کو پاک فضائیہ کے چاک وچوبند دستوں نے الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا ، جبکہ ہوا میں تیرتے برق رفتار جنگی طیارے نے آخری سلامی بھی پیش کی ۔

سبکدوش ہونے والے ایئرچیف مارشل سہیل امان نے الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کو جدید تقاضوں کے مطابق لیس کیا جا رہا ہے ، دنیا کی کسی فضائیہ نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فضائیہ جیسا کردار ادا نہیں کیا ۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ بہترین صلاحیتوں کے حامل نئے ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان پاک فضائیہ کی بہتری کیلئے مثالی خدمات سرانجام دینگے ۔

نئے ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بطور ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف خدمات انجام دے رہے تھے، انہوں نے شاندار خدامات پر ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ امتیاز (ملٹری بھی حاصل کر رکھا ہے۔