Sunday, May 12, 2024

ایئرپورٹس پر مسافروں سے ناروا سلوک ، چیف جسٹس نے ایڈیشنل ڈی جی سول ایوی ایشن کی سرزنش کر دی

ایئرپورٹس پر مسافروں سے ناروا سلوک ، چیف جسٹس نے ایڈیشنل ڈی جی سول ایوی ایشن کی سرزنش کر دی
January 10, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی رجسٹری میں ایئرپورٹس پر مسافروں سے ناروا سلوک کے کیس میں چیف جسٹس گلزار احمد نے ایڈیشنل ڈی جی سول ایوی ایشن کی سرزنش کر دی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ایئر پورٹس پر مسافروں سے ناروا سلوک کے معاملے کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت چیف جسٹس آف پاکستان نے سول ایوی ایشن حکام پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایئر پورٹس پر مسافروں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ مسافر زمین پر پڑے ہوتے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ائیر پورٹس دنیا کے تمام جرائم کی ڈیل کی جگہ بن گئے ہیں۔ جسٹس گلزار احمد نے ایدیشنل ڈائریکٹر سول ایوسی ایشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کیا ہمیں نہیں معلوم کہ ایئر پورٹس پر کیا ہو رہا ہے؟ فارن کرنسی اور منشیات ائیر پورٹس پر آ اور جا رہی ہے۔ صرف بھاری تنخواہ لینا ہی آپ کا کام نہیں۔ عدالت کو مطئمن نہ کرنے پر عدالت نے ایڈیشنل ڈائریکٹر سول ایسوی ایشن پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جب کچھ پتا نہیں تو آپ یہاں آئے کیوں،؟ اپنی جگہ کسی چپڑاسی کو بھیج دیا ہوتا۔ عدالت نے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایسن کو بھی دس منٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ چار دن کا مہمان ہے، کبھی بھی گر جائے گا۔ ائیر پورٹ کی جس طرح تعمیر ہوئی سب معلوم ہے۔ سرکار کی جانب سے ائیر پورٹ کی قیمت دس مرتبہ ادا کی گئی۔