Thursday, April 25, 2024

ایئرپورٹ ٹیکسز کی مد میں کروڑوں کافراڈ پکڑا گیا

ایئرپورٹ ٹیکسز کی مد میں کروڑوں کافراڈ پکڑا گیا
December 10, 2015
اسلام آباد (92نیوز) ایئرپورٹ ٹیکسز کی مد میں کروڑوں روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان کسی اور نے نہیں بلکہ پی آئی اے حکام نے پہنچایا ہے۔ 92 نیوز نے ایئرپورٹ ٹیکسز کے حوالے سے اندرونی آڈٹ کی تفصیلات حاصل کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق 92 نیوز کے پاس موجود پی آئی اے کی اندرونی آڈٹ رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ ٹیکسز کی مد میں کروڑوں روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ صرف لاہور ایئرپورٹ پر ٹیکسز کی مد میں قومی خزانے کو باسٹھ لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یکم اگست دوہزار پندرہ سے ایمبارکیشن فیس، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور سکیورٹی چارجز کی شرح میں اضافہ کر دیا تھا جبکہ پی آئی اے کا عملہ مسافروں سے زیادہ ٹیکس وصول کر کے کم رقم قومی خزانے میں جمع کراتا رہا۔ آڈیٹرز نے ٹیکس چوری کے ذمہ داروں کی شناخت کر کے ان سے رقوم کی واپسی کی تجویز دے دی ہے جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نیٹ ورک میں شامل تمام ایئرپورٹس پر ٹیکس چوری کی جامع تحقیقات کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ایئرپورٹ ٹیکسز کی مد میں قومی خزانے کو پہنچائے گئے کروڑوں روپے کے نقصان کی مکمل تفصیلات حاصل کر کے ٹیکس چوری کے مرتکب تمام پی آئی اے اہلکاروں اور افسران کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا سکے۔