Sunday, September 8, 2024

ایئرپورٹ حملہ کیس  : عدالت کا دس دہشتگردوں کی قبرکشائی کا حکم

ایئرپورٹ حملہ کیس  : عدالت کا دس دہشتگردوں کی قبرکشائی کا حکم
November 18, 2016

 

کراچی(92نیوز)ایئر پورٹ حملہ کیس میں ایک اور نیا موڑ آگیا عدالت کے حکم پر دس افراد کی قبر کشائی کی جائے گی  کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشت گردوں نے انکشاف کیا تھا کہ ایئر پورٹ حملے میں لیاقت آباد کے دو رہائشی بھی ملوث تھے ۔

تفصیلات کےمطابق ایئر پورٹ حملہ کیس میں  ایک نیا موڑسامنے آگیا ہے ۔ تاریخ میں پہلی بار ایک ساتھ دس افراد کی قبر کشائی کی جائے گی  جوڈیشل مجسٹریٹ  ملیر نے شہری کی درخواست پر قبرکشائی کا حکم دیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ایئر پورٹ حملے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں مقامی افراد بھی شامل ہوسکتے ہیں  قبرکشائی  منگل کے روز کی جائے گی  جو پولیس سرجن کی سربراہی میں  آٹھ ڈاکٹرز اور  دیگر عملہ انجام دیں گے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ  لاشوں کی شناخت کےلیے  ڈی این اے ٹیسٹ کا فیصلہ کالعدم لشکر جھنگوی کے بدنام دہشت گردوں  عاصم کیپری اور اسحاق بوبی ، کے انکشافات کے بعد کیا گیا دہشت گردوں نے تفتیش کے دوران ایئر پورٹ حملے میں دو دہشت گردوں کی شناخت کا بتایا تھا ، عاصم کیپری کے مطابق ایئر پورٹ حملے میں لیاقت آباد کے رہائشی  ماجد اور حسام بھی ملوث تھے  ماجد اسحاق بوبی  کا رشتہ دار تھا کراچی کے ایئر پورٹ پر  نو جون  دو ہزار چودہ کو حملہ ہوا تھا  جسے  اے ایس ایف اور پاکستان رینجرز سندھ  کے جوانوں نے انتہائی چابک دستی سے ناکام بنایا تھا۔