Friday, April 26, 2024

ایئربلیو متاثرین معاوضہ کیس ، رپورٹ جمع نہ کرانے پر کمپنی کو 50 ہزار جرمانہ

ایئربلیو متاثرین معاوضہ کیس ، رپورٹ جمع نہ کرانے پر کمپنی کو 50 ہزار جرمانہ
July 2, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) ایئربلیو،بھوجا ایئرلائنزمتاثرین معاوضہ کیس کی سماعت میں عدالت نے رپورٹ جمع نہ کرانے پر ایئربلیو کمپنی کو 50 ہزار جرمانہ کرتے ہوئے متاثرین کے چیک رجسٹرار سپریم کورٹ کوجمع کرانے کا حکم دے دیا۔ ایئربلیو،بھوجا ایئرلائنز متاثرین معاوضہ کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی ۔ دوران سماعت  چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اتنے عرصہ سے رقم اکاؤنٹ میں پڑی ہے، مارک اپ کون دے گا؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایئربلیو نے متاثرین کو معاوضہ ادا کر دیا۔ وکیل ایئربلیو نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ 136 جاں بحق افراد کے ورثاء نے معاوضے کی رقم لے لی جبکہ 8 افراد کے ورثا معاوضے کی رقم پر عدالتوں میں چلے گئے جس پر عدالت نے 8 متاثرین کے چیک رجسٹرار سپریم کورٹ کوجمع کرانے کا حکم دے دیا اور رپورٹ جمع نہ کرانے پر ایئربلیو کمپنی کو 50 ہزارجرمانہ بھی کر دیا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ورثا کے مقدمات سول عدالتوں میں بھی زیر التوا ہیں جس پر سپریم کورٹ کی جانب سے سول عدالت کو معاوضے سے متعلق مقدمات کا 3 ماہ میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔