Sunday, September 8, 2024

ایئربس ہائپر سونک آواز کی رفتار سے 4گنا تیز اڑنے والا جہاز بنائے گا

ایئربس ہائپر سونک آواز کی رفتار سے 4گنا تیز اڑنے والا جہاز بنائے گا
August 6, 2015
لندن (ویب ڈیسک) ایئربس ہائپرسونک نے ایک ایسے مسافر طیارے کی تیاری کے حقوق حاصل کئے ہیں جو زیادہ سے زیادہ ایک گھنٹے میں لندن سے نیویارک تک پرواز کر سکے۔ کونکورڈ دوم نامی یہ جیٹ طیارہ آواز کی رفتار سے چار گنا تیز اڑنے کی صلاحیت کا حامل ہو گا۔ امریکی پیٹنٹ آفس کی دستاویزات کے مطابق جیٹ ماک 4.5 یا آواز کی رفتار سے ساڑھے چار گنا زیادہ تیز پرواز کرے گا، کونکورڈ کی رفتار ماک ٹو تھی۔ مذکورہ جہاز میں مختلف نوعیت کے انجن نصب ہوں گے جو مختلف مقاصد کےلئے استعمال ہوں گے اور اس کےلئے توانائی جہاز میں محفوظ ہائیڈروجن سے آئے گی۔ ٹیک آف کےلئے جہاز میں دو ٹربو جیٹس اور پچھلے حصے میں ایک راکٹ موٹر نصب کی جائے گی اور یہ خلائی جہاز کی طرح عمودی سمت میں اوپر اٹھے گا۔ جب ایک بار یہ اڑان بھر لے گا تو ٹربو جیٹس بند ہو جائیں گے اور پھر راکٹ موٹر اس جہاز کو ایک لاکھ فٹ کی بلندی تک پہنچا دے گی۔ بلندی پر پہنچنے کے بعد ریم جیٹس استعمال کیے جائیں گے جو عام طور پر میزائلوں میں استعمال ہوتے ہیں۔ ان ریم جیٹس کے ذریعے جہاز کی رفتار ماک 4.5 کی رفتار تک پہنچ جائے گی۔ جہاز میں 20مسافروں کی جگہ ہو گی جن کے بیٹھنے کیلئے جھولا نما سیٹیں ہوں گی۔