Saturday, May 4, 2024

ایئر کوالٹی انڈیکس کا ڈیٹا روزانہ ویب سائٹ پر جاری کیا جائے، عدالت کا حکم

ایئر کوالٹی انڈیکس کا ڈیٹا روزانہ ویب سائٹ پر جاری کیا جائے، عدالت کا حکم
November 15, 2017

لاہور (92 نیوز) حکومت پنجاب نے اسموگ کے اعداد و شمار اور ایمرجنسی اقدامات پر مبنی رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں پیش کر دی۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں قائم بنچ نے ایئر کوالٹی انڈیکس کا ڈیٹا روزانہ کی بنیادوں پر ویب سائٹ پر جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ 
لاہور ہائی کورٹ میں سموگ پر قابو پانے میں حکومتی ناکامی سے متعلق شیراز ذکاء ایڈووکیٹ کی درخواست پر شام ڈھلے دوبارہ سماعت کا آغاز کیا توصوبائی سیکرٹری تحفظ ماحولیات سیف انجم نےسموگ سے نمٹنے کیلئے حکومتی پالیسی کا مسودہ عدالت میں پیش کر دیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے روبرو پیش کی گئی دستاویز کے مطابق سموگ انڈیکس بڑھا تو پہلے مرحلے میں صنعتی یونٹس بند کر دیے جائیں گے۔ انڈیکس اگر 3 سے 4 سو کی حد سےبڑھ گیا تو دھواں دینے والی گاڑیاں، پرائمری اسکولز اور ترقیاتی کام بند کر دیے جائیں گے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس 5 سو کی سطح سے تجاوز کر گیا تو پارکس اور عوامی مقامات بند کر کے شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی جائے گی۔
فاضل عدالت نے محکمہ تحفظ ماحولیات کو آج سے روزانہ کی بنیادوں پر تازہ ترین ایئر کوالٹی انڈیکس محکمے کی ویب سائٹ پر شائع کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتِ عالیہ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیراز زکاء ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالتِ عالیہ نے اسموگ سے بچاؤ کے اقدامات فوری طور پر نافذ کرنے کا حکم دیا ہے۔
اِس سے پہلے فاضل چیف جسٹس نے محکمہ ماحولیات کی جانب سے اسموگ پر قابو پانے کے لیےتجویز کیے گئے اقدامات کو عدالتی فیصلے کا حصہ بنا دیا۔ تاہم تفصیلی فیصلہ آج جاری کیا جائے گا۔