Friday, March 29, 2024

ایئر کموڈور ایم ایم عالم ہمیشہ پاکستان کا فخر رہیں گے

ایئر کموڈور ایم ایم عالم ہمیشہ پاکستان کا فخر رہیں گے
July 6, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) 1965 کی  جنگ میں 9 بھارتی طیارے گرانے اور دنیا میں عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے۔ عظیم ہوا باز۔ ایئر کموڈور ایم ایم عالم  ہمیشہ پاکستان کا فخر اور دشمن کیلئے ڈراﺅنا خواب رہیں گے۔ محمد محمودعالم کلکتہ، ہندوستان میں 6 جولائی 1935ء کو پیدا ہوئے۔ 1951ءمیں ڈھاکا سے گریجویشن اور 1952ء میں رائل پاکستان ایئرفورس کاحصہ بنے۔ 1953ء میں بحیثیت لڑاکا ہوابازکمیشن حاصل کیا۔  11بہن بھائیوں میں بڑے اور خاندانی ذمہ داریوں کو نبھانے کیلئے شادی نہ کی۔ 1965ء کی جنگ میں سرگودھا ایئر بیس پر 11 اسکواڈرن کی کمانڈ کی ۔ 7 ستمبر کو ایف 86 سیبر طیارہ اڑاتے ہوئے ایک منٹ میں 5 بھارتی طیارے مار گرائے ۔ آخری 4 طیارے صرف 30 سیکنڈ میں گرا کر عالمی ریکارڈ بنایا۔ پاک فضائیہ نے کئی گنا بڑی بھارتی فضائیہ کو منہ توڑ جواب دیا۔ ایم ایم عالم کی شجاعت پر اُنہیں ستارہ جرات اور بار سے نوازا گیا ۔ ایم ایم عالم نے عرب اسرائیل جنگ میں شام میں بھی لازوال خدمات سرانجام دیں۔ 1982میں بحیثیت ایئرکموڈور ریٹائر ہوئے۔ سبکدوشی کے بعد سماجی کاموں میں مصروف رہے۔ سانس کی تکلیف کے باعث 18مارچ 2013ء کو کراچی میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ دشمن پر ہیبت طاری کرنے والا ہواباز مسرور ایئر بیس کے شہداء قبرستان میں ابدی نیند سوگیا۔ میانوالی ایئربیس کا نام آپ کے نام سے منسوب کیا ۔