Saturday, April 20, 2024

ای سی سی نے ویکسین کی خریداری کیلئے پہلے مرحلے میں 18 کروڑ ڈالر کی منظوری دیدی

ای سی سی نے ویکسین کی خریداری کیلئے پہلے مرحلے میں 18 کروڑ ڈالر کی منظوری دیدی
June 9, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ویکسین کی خریداری کیلئے پہلے مرحلے میں 18 کروڑ ڈالر کی منظوری دیدی۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق 70 لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کیلئے 1 ارب ڈالر کی ویکسین خریداری کی منظوری دی گئی۔ 18 کروڑ ڈالر کی رقم این ڈی ایم اے کو ویکسین کی خریداری کیلئے دی جائے گی۔  1 ارب ڈالر کی کین سائنو، سائنو فارم، سائنو ویک اور فائزر ویکسین خریدی جائے گی۔

ای سی سی نے کم ترقی یافتہ علاقوں کے طلباء کی فیس ادائیگی کیلئے گرانٹ اور احساس کوئی بھوکا نہ سوئے فنڈ کے قیام کی منظوری دی۔ کنٹرولر جنرل آف پاکستان کیلئے 1 ارب 16 کروڑ روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ، وزارت تعلیم کیلئے 37 کروڑ 80 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ ، آڈیٹر جنرل آف پاکستان کیلئے 33 کروڑ روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ اور کنٹرولر جنرل آف پاکستان کے وفات پا جانے والے ملازمین کی فیملیز کو وزیراعظم کے امدادی پیکج کیلئے 35 کروڑ کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ترسیلات زر کے حوالے سے نئی اسکیم کی مارکیٹنگ کمپین کیلئے 74 کروڑ روپے سے زائد کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ سپریم کورٹ کے ججز کی سرکاری رہائش گاہوں کی تعمیر و مرمت کیلئے فنڈز کی اور وزارت انسانی حقوق کیلئے 2 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد کی گرانٹ منظور کی گئی۔ اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے اضافی فنڈز کیلئے وزارت آئی ٹی کی سمری اور انٹیلی جنس بیورو کیلئے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی۔