Thursday, May 9, 2024

ای سی او کے رکن ملکوں کو چاہیے امریکی فوج کے انخلا کے بعد افغانستان میں امن کیلئے کوشش کریں ، وزیراعظم

ای سی او کے رکن ملکوں کو چاہیے امریکی فوج کے انخلا کے بعد افغانستان میں امن کیلئے کوشش کریں ، وزیراعظم
June 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے ای سی او کے رکن ملکوں کو چاہیے امریکی فوج کے انخلا کے بعد افغانستان میں امن کیلئے کوشش کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے ای سی او پارلیمانی اسمبلی کے اختتامی اجلاس سے خطاب میں کہا اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔ اسلام آباد کے چارٹر کی منظوری پر بھی سب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام مندوبین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پائیکو کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے کی منظوری پر بھی سب کو مبارک باد دیتا ہوں۔ عمران خان بولے 10 رکن ملکوں کے درمیان رابطوں کا فروغ بڑی کامیابی ہے۔ موجودہ حالات میں صرف ملک نہیں بلکہ خطے ترقی کرتے ہیں۔ یورپی یونین میرے سامنے بنی تھی۔ یورپین ممالک دیکھتے ہی دیکھتے اوپر چلے گئے۔ ہمارے خطے کے لیے بھی بہت زبردست مواقع ہیں کہ رابطے بڑھائے جائیں۔ روابط بڑھیں گے تو ہمارے ملک بھی قریب آجائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا پارلیمنٹ ایسی جگہ ہے جہاں بہت سے مسائل پر بحث ہوتی ہے۔ آپ نے سیاسی مسائل پر بھی کھل کر بات کی۔ کشمیر اور فلسطین میں لوگ بڑی مشکل میں ہیں۔ آپ نے دونوں ممالک میں ہونے والی ناانصافی پر بھی اظہارخیال کیا جو خوش آئند ہے۔ 45 کروڑ عوام کے خطے کو باہم مربوط کرکے انقلاب لایا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا موسمیاتی تبدیلیوں سے آنے والے وقت میں سارا خطہ متاثر ہو گا۔ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بہت سے اقدامات کیے ہیں۔ ہماری حکومت نے خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگائے۔ اب ہم نے پورے پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کی مہم کا آغاز کیا۔ دس میں سے ایک ارب درخت لگائے جا چکے ہیں۔ ای سی او کے تمام ممالک کو اس مہم میں شامل ہونا چاہئے۔

 وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا تاجکستان اور پاکستان نے طے کیا کہ امریکی فوج کے انخلاء کے بعد افغانستان میں قیام امن کے لیے بھرپور کوشش کریں۔ افغانستان میں امن نہ آیا تو سارا خطہ متاثر ہو گا۔ ای سی او کے تمام ممالک کو امریکی فوج کے افغانستان سے پرامن انخلاء کے لیے کوشش کرنی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا خطے کے ملکوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلاء کے بعد پرامن انتقال اقتدار چاہتے ہیں۔ اقتصادی تعاون بڑھانے اور تجارت میں آسانیوں سے خطہ ترقی کرے گا۔