Friday, April 26, 2024

ای سی او اجلاس میں وژن 2025ء منظور، مشترکہ اعلامیہ جاری

ای سی او اجلاس میں وژن 2025ء منظور، مشترکہ اعلامیہ جاری
March 1, 2017

اسلام آباد (92نیوز) پاکستان میں بہار، بھارت میں خزاں چھا گئی۔ ایک نہیں دو نہیں پورے 9ملکوں نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔ ای سی او کے کامیاب انعقاد نے امن اور ترقی کے دشمن کی نیندیں اڑا دیں۔ اعلان اسلام آباد جاری،  رکن ممالک کئی شعبوں میں ملکرکام کرینگے۔ وژن 2025ء کی بھی منظوری دیدی۔

تفصیلات کے مطابق خطے کے 10ملکوں کی کامیاب بیٹھک کے بعد اعلان اسلام آبادجاری کر دیا گیا۔ تجارت، توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ ان سارے شعبوں میں ملکر کام کرنے پر اتفاق ہوگیا۔ ساتھ ہی رکن ممالک نے وژن 2025ء کی بھی منظوری دیدی۔

اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ خطے کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کا وقت آ گیا۔ خطے میں سڑکیں، تیل اور گیس کے ذخائر کی موجودگی تمام رکن ممالک کو قریب لا رہی ہے۔

اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ خطے کی ترقی میں اقتصادی راہداری نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے اور اس کی وجہ سے دوست ممالک کے تعلقات کو فروغ ملا ہے۔ اجلاس میں پانچ ممالک کے صدور، تین ممالک کے وزرائے اعظم، ایک ملک کے نائب وزیراعظم اور ایک ملک کے سفیرشریک ہوئے۔

اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم نے شرکاء کو پرتکلف ظہرانہ بھی دیا۔ اقتصادی تعاون تنظیم کا کامیاب اجلاس جہاں خطے کے 10ملکوں کو ایک دوسرے کے مزید قریب لایا، وہیں امن اور ترقی کے دشمن بھارت کے ارمانوں پر پانی پھر گیا۔ بھارت نے اس اجلاس کو ناکام بنانے کے لئے ہر حربہ آزمایا لیکن کچھ ہاتھ نہ آیا۔