Thursday, April 18, 2024

ای سی او اجلاس، آذربائیجان کے صدراسلام آباد پہنچ گئے

ای سی او اجلاس، آذربائیجان کے صدراسلام آباد پہنچ گئے
February 28, 2017

اسلام آباد (92نیوز) اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے آذربائیجان کے صدر اسلام آباد پہنچ گئے۔ مہمان صدر کو پاکستان آمد پر اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے سربراہان مملکت وحکومت اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ سربراہ اجلاس کل ہو گا۔ اسلام آباد پہنچنے والی پہلی مہمان شخصیت آذربائیجان کے صدر الہام علیوف ہیں۔ وزیر برائے دفاعی پیداواررانا تنویر حسین اور دوسرے سینئر حکام نے ان کا نورخان ائربیس پر استقبال کیا۔

پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم کے تیرہویں سربراہ اجلاس میں تمام دس رکن ملک شرکت کریں گے جن میں افغانستان، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان، ایران، تاجکستان، ترکی، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں جبکہ چین کا نمائندہ خصوصی اجلاس میں شریک ہو گا۔ پانچ سربراہان مملکت، تین سربراہان حکومت اور ایک نائب وزیراعظم اجلاس میں اپنے ملکوں کی نمائندگی کریں گے۔

سربراہ اجلاس کا موضوع ’’علاقائی خوشحالی کیلئے روابط‘‘ ہے جو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مثالی منصوبے کے تناظر میں خصوصی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ رکن ملک توانائی، بنیادی ڈھانچے، مواصلات اور تجارت کے شعبوں میں خطے سے باہر اور خطے کے اندر روابط پر توجہ مرکوز کریں گے۔ سربراہ اجلاس میں ای سی او وژن 2025 کی منظوری بھی دی جائے گی۔