Thursday, March 28, 2024

اہم قومی معاملے پر سیاسی جماعتوں نے یکجہتی کا اظہار کیا ، فردوس عاشق اعوان

اہم قومی معاملے پر سیاسی جماعتوں نے یکجہتی کا اظہار کیا ، فردوس عاشق اعوان
January 8, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا اہم قومی معاملے پر سیاسی جماعتوں نے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس سے جمہوری نظام مزید مستحکم ہو گا۔ فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو بریفنگ میں کہا کہ قانون سازی کسی ایک شخصیت یا کسی ایک ادارے کے لیے نہیں تھی۔ آج کی قانون سازی میں سقم کو ختم کیا گیا۔ اپوزیشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری سوچ رکھنے والی جماعتوں نے قومی مفاد کو طاقت دی اور اہم قومی معاملے پر یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس مفاہمت اور اتحاد کی جھلک قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نظر آئی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج سپریم کورٹ کی گائیڈ لائن کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔ ملٹری اور سیاسی لیڈرشپ اتفاق رائے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان کے مفاد میں مل کر فیصلے کرکے پاکستان کو طاقتور بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں متفق ہیں کہ پاکستان کو اتفاق رائے سے آگے لے کر چلنا ہے۔ ہم پرامید ہیں کہ اپوزیشن وسیع تر قومی مفاد میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آئے گی۔ تاہم اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ جہاں ہم سے غلطی ہو، اپوزیشن نشاندہی کرے، اصلاح کریں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں نے سینیٹ میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ قانون میں سقم کو پارلیمنٹ نے ختم کر دیا ہے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ سینیٹ سے مجوزہ بلوں کی منظوری حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ امید ہے اپوزیشن مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔