Saturday, April 27, 2024

اہم شخصیات کے سوشل میڈیا پرجعلی اکاونٹس بننے لگے

اہم شخصیات کے سوشل میڈیا پرجعلی اکاونٹس بننے لگے
March 23, 2015
اسلام آباد(ویب ڈیسک)فیس بک اور ٹوئیٹر پر جعلی اکاؤنٹس بنانے کا سلسلہ کوئی نئی بات نہیں نوسر باز ملک کی اہم ترین شخصیات کے نام سے جعلی فیس بک اور ٹوئیٹر اکاؤنٹس بنا کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ سماجی ویب سائیٹس فیس بک اور ٹوئیٹر کا استعمال عام طور پر خود کو نمایاں کرنے اور اپنی معمولات زندگی اور تفریحات کو سماجی رابطوں کے لئے کیا جاتا ہے لیکن بعض نوسر باز ملک کی اہم ترین شخصیات کے جعلی فیس بک اور ٹوئیٹر اکاؤنٹس بنا کر ناصرف لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں بلکہ بعض اوقات اشتعال پھیلانے میں بھی کوشاں نظر آتے ہیں۔ ترجمان سندھ رینجرز کرنل طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے ڈی جی سندھ رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کا کوئی فیس بک اور ٹوئیٹر اکاؤنٹ نہیں ہے۔ کچھ نامعلوم نوسرباز جعلی اکاؤنٹس بنا کر ڈی جی رینجرز کے جعلی پیغامات ارسال کر رہے ہیں جن کا میجر جنرل بلال اکبر سے کوئی تعلق نہیں۔ ترجمان سندھ رینجرز نے کہا ایسے نوسر بازوں کے خلاف جلد کارروائی کی جائے گی۔ اس سے پہلے بھی آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی ایس پی آر سمیت ملک کی اہم ترین شخصیات کے ناموں سے جعلی ٹوئیٹر اور فیس بک اکاؤنٹس بنائے گئے۔ کچھ عرصہ قبل پی ٹی اے نے آرمی چیف، اور، ڈی جی آئی ایس آئی کے حوالے سے جعلی اکاؤنٹس کے معاملے پر فیس بک اور ٹوئیٹر انتظامیہ سے باضابطہ طور پر رابطہ بھی کیا تھا جس میں جعلی اکاؤنٹس ختم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔