Thursday, March 28, 2024

کنٹینرز کی دیواریں حائل‘ شہراقتدار کا خیبرپختونخوا سے رابطہ منقطع

کنٹینرز کی دیواریں حائل‘ شہراقتدار کا خیبرپختونخوا سے رابطہ منقطع
October 31, 2016
لاہور (92نیوز) دونومبر کے احتجاج کو روکنے کے لیے حکومت نے پاکستان کو کنٹینرستان بنا دیا ہے۔ ملک بھر میں موٹر وے، جی ٹی روڈ اور ہائی ویز پر جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔ خیبرپختونخوا کا پنجاب سے زمینی راستہ مکمل طور پر منقطع ہے جبکہ سندھ سمیت دوسرے علاقوں سے اسلام آباد آنا بھی مشکل بن گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے دھرنے والوں اور شہر اقتدار کے درمیان کنٹینرز کی دیوار کھڑی کر دی۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو روکنے کے لیے اٹک خورد کے مقام پر کنٹینرز اور ریت پھینک کر جی ٹی روڈ کو بلاک کر دیاگیا۔ اسلام آباد کے قریب گولڑہ موڑ پر کنٹینرز کے علاوہ آنسو گیس کے شیل پھینکنے والی گاڑیاں کھڑی ہیں۔ رشکئی انٹر چینج کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ سندھ سمیت ملک کے دوسرے علاقوں سے اسلام آباد آنا بھی ممکن نہیں رہا۔ رحیم یارخان میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو روکنے کیلئے پنجاب اور سندھ بارڈر پر بسوں اور گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ جہلم میں انتظامیہ نے کنٹینرز قبضے میں لے لیے ہیں جو جی ٹی روڈ اور دیگر شاہراہوں کو بند کرنے کے لیے استعمال کئے جائیں گے۔ فیصل آباد میں ڈپٹی والا، ساہیانوالہ انٹرچینج سمیت گیارہ مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔ گوجرانوالہ میں سو سے زائد کنٹینرز شہر کے مختلف چوراہوں میں رکھے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے قافلوں کو روکنے کے لیے بہاولپور میں مختلف مقامات پر کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں۔ ادھر مظفرگڑھ پولیس نے چناب پل پر کنٹینرز پہنچا دیے ہیں۔