Friday, April 26, 2024

اہلیان زمیں کو دھرتی کا 50واں بین الاقوامی دن مبارک

اہلیان زمیں کو دھرتی کا 50واں بین الاقوامی دن مبارک
April 22, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز)  تمام اہل زمیں کو ’’دھرتی کا 50 واں بین الاقوامی دن‘‘ مبارک، کرۂِ ارض پر 7ارب 75 کروڑ سے زائد انسان بستے ہیں اورچند سو لوگوں کے مالی فوائد کیلئے اس کے ماحول کو برباد نہیں کیا جا سکتا۔ انسانی زندگی ترقی کی تیز رفتار گاڑی پر سوار ہوئی تو اس کی مختلف شکلوں نے نہ صرف زمین کے ماحول کو آلودہ کیا بلکہ اس کے قدرتی وجود کو بھی شدید خطرات سے دوچار کر دیا۔ دہائیوں تک ترقی کا تیز رفتار سفر طے کرنے اور ماحول پر اس کے تباہ کن اثرات دیکھنے کے بعد اکثر انسان  اس بات پر آمادہ دکھائی دیتے ہیں کہ ماحول کی تباہی کا سامان کرنے والی صنعتوں کو لگام ڈالنا انتہائی ضروری ہو چکا ہے، اور اس مقصد کیلئے عالمی سطح پر سخت قانون سازی اور ماحول دوست اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اسی حوالے سے دنیا بھر میں 1970 سے ہر سال 22 اپریل کو ’’ارتھ ڈے‘‘ منایا جاتا ہے۔ ارتھ ڈے 2020 کے موقع پر اپنے پیغام میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے مجوزہ زمین دوست اقدامات کی 6 نکاتی فہرست پیش کی اور دنیا بھر کے انسانوں سے اپیل کی کہ اپنے اور زمین کے زبردست مستقبل کیلئے انکا ساتھ دیں۔ گوگل نے بھی ارتھ ڈے کے موقع پر اپنا ڈوڈل تبدیل کیا، اور جسامت میں انتہائی چھوٹی لیکن زمین دوستی میں سب سے بڑی ’’شہد کی مکھی‘‘ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا، جس کی مدد سے انجان لوگوں کو آگاہی دی گئی کہ بظاہر چھوٹی چھوٹی سی یہ مکھیاں دنیا کی دو تہائی فصلوں اور 85 فیصد پھولوں کی افزائش میں سب سے بڑی معاون ہیں۔