Sunday, September 8, 2024

اہلخانہ کی شہباز تاثیر کی سرگرمیوں پر نظر، شہباز تاثیر کا نفسیاتی معالج سے معائنہ

اہلخانہ کی شہباز تاثیر کی سرگرمیوں پر نظر، شہباز تاثیر کا نفسیاتی معالج سے معائنہ
March 12, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) اغواء کاروں کی قید سے ساڑھے چار برس بعد رہائی پانے والے شہباز تاثیر ان دنوں اپنے گھر والوں کی واچ لسٹ میں ہیں۔ اہلخانہ شہباز تاثیر کے قید میں گزرے ساڑھے چار برسوں کے اثرات جانچ رہے ہیں اور جاننا چاہتے ہیں کہ وہ پہلے کی طرح روشن خیال ہیں یا بدل گئے ہیں۔ اغواء کاروں کی قید میں گزارے ساڑھے چار برسوں نے شہباز تاثیر کے معمولات زندگی کو بڑی حد تک بدل دیا ہے۔ ساڑھے چار برس تک گھر والوں سے دوری، دوران قید سخت مشکلات اور مذہبی ماحول نے ان پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق عیش وعشرت کے ماحول میں پرورش پانے والے شہباز تاثیر صوم وصلوات کے مکمل پابند بن چکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کے اہلخانہ کو شبہ لاحق ہو گیا ہے کہ وہ اب پہلے جیسے نہیں رہے اور مکمل بدل چکے ہیں۔ قید سے رہائی کے بعد شہباز تاثیر کا کئی بار نفسیاتی معائنہ بھی کرایا جا چکا ہے۔ ان کی والدہ آمنہ تاثیر اور دیگر اہلخانہ شہباز تاثیر کے معمولات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ نفسیاتی معالج کی ہدایت کے مطابق شہباز تاثیر کو ملاقاتیوں اور مبارکباد دینے والوں سے دور رکھا جا رہا ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی جب ملاقات کے لئے تاثیر فیملی سے رابطہ کیا تو ان سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ اپنی آمد مکمل طور پر خفیہ رکھیں اور زیادہ لوگوں کو ساتھ نہ لائیں۔ ذرائع کے مطابق یہی وجہ ہے کہ بلاول بھٹو تاثیر خاندان کے گھر اپنے خصوصی سیکرٹری اور خاص محافظ کے ساتھ گئے۔