Friday, April 26, 2024

اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ڈرا دھمکا کر انہیں دبایا جا سکتا ہے تو ایسا نہیں ہو سکتا ، مریم نواز

اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ڈرا دھمکا کر انہیں دبایا جا سکتا ہے تو ایسا نہیں ہو سکتا ، مریم نواز
March 12, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہا اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ڈرا دھمکا کر انہیں دبایا جا سکتا ہے تو ایسا نہیں ہو سکتا۔ مریم نواز چار ماہ بعد سیاسی میدان میں متحرک ہوئیں۔ اسلام آباد میں شاہد خاقان عباسی کے گھر پہنچ گئیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا میاں نوازشریف کی دل کی شریان 90 فیصد بند ہے۔ نوازشریف نے ایسا نہیں کہا کہ مریم کے بغیر سرجری نہیں کرائیں گے۔ نوازشریف نے ایسا نہیں کہا مریم نواز میری تاریخ آنے والی تھی اس لیے انہوں نے رکنے کے لیے کہا تھا۔ انہوں نے کہا یہ حقیقت ہے میرے بھائی اپنے والد کے ساتھ ہیں۔ بچے تین ہوں یا پانچ لیکن والد تو ایک ہی ہوتا ہے۔ نوازشریف جتنے میرے بھائیوں کے والد ہیں اتنے ہی میرے بھی ہیں۔ یہ بالکل جائز خواہش ہے، اسے سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہئے۔ مریم نواز کا کہنا تھا میرے معاملات عدالت کے پاس ہیں۔ میرے کیسز کی حقیقت عدالت بھی جانتی ہے۔ عدالت کے ہی ہاتھ میں ہے، اگر عدالت نے اجازت دی تو ضرور جاؤں گی۔ انہوں نے کہا میری خاموشی کی ذاتی وجوہات ہیں۔ میرے والد کی طبیعت خراب ہے۔ میرے دل میں کچھ اور بات ہو اور باہر آکر کچھ اور بات کروں یہ ٹھیک نہیں۔ مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز بولیں اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ڈرا دھمکا کر مجھے دبایا جا سکتا ہے تو ایسا نہیں ہو سکتا۔ میں اور زیادہ مضبوط ہوئی ہوں، کمزور نہیں ہوئی۔ میں نہیں چاہتی میرے والد کو میری وجہ سے علاج چھوڑ کر واپس آنا پڑے۔ جب پارٹی فیصلہ کرے گی اور کہے گی تو میں آگے آکر رول ادا کروں گی۔ مریم نواز نے مزید کہا تحریک انصاف کی حکومت اقتدار میں رہ کر زیادہ ایکسپوز ہوئی ہے۔ اگر یہ حکومت چلی جاتی تو یہ ایکسپوز نہ ہوتی۔ یہ بھی حقیقت ہے یہ حکومت جتنی زیادہ دیر رہے گی اتنا ہی پاکستان اور قوم کا نقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا حکومت کو اس خط میں یہ بھی لکھنا چاہئے تھا کہ ہم نے ہی کہا تھا کہ نوازشریف بیمار ہیں۔ خط میں یہ بھی لکھنا چاہئے تھا کہ انہوں نے پہلے جھوٹ بولا تھا یا اب جھوٹ بول رہے ہیں۔