Sunday, September 8, 2024

'اگر میں جھوٹا ہوں تو عمران خان بڑے جھوٹے ہیں'

'اگر میں جھوٹا ہوں تو عمران خان بڑے جھوٹے ہیں'
January 14, 2016
اسلام آباد (92نیوز) قومی اسمبلی اجلاس میں حکومتی اور تحریک انصاف اراکین کے درمیان ایل این جی کے معاہدے میں کرپشن کے الزام اور قیمت نہ بتانے پر شدید جھڑپ کے باعث ایوان مچھلی منڈی بن گیا۔ وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان کہتے ہیں اگر میں جھوٹا ہوں تو عمران خان بڑے جھوٹے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو ایوان میں ن لیگ اور تحریک انصاف کے ارکان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ دونوں جماعتوں کے ارکان نے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ شیریں مزاری نے کہا کہ ایل این جی کی درآمد میں کرپشن ہوئی‘ من پسند افراد کو نوازا جا رہا ہے۔ وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تحریک انصاف ایل این جی کے معاملے پر صرف سیاست کر رہی ہے۔ ان کے لیڈر عمران خان نے مجھ پر غلیظ الزامات لگائے۔ عمران خان ایوان میں آ کر مجھ سے معافی مانگیں۔ شاہد خاقان عباسی کے بیان پر تحریک انصاف کے ارکان نشستوں پر کھڑے ہو گئے۔ پی ٹی آئی ارکان نے نعرے بازی کی۔ پی ٹی آئی ارکان نے ایل این جی کی قیمت نہ بتانے پر قومی اسمبلی میں شدید احتجاج اور ہنگامہ کیا۔ شاہد خاقان عباسی کی تحریک انصاف کے ارکان کے ساتھ جھڑپ ہوئی اور ایوان مچھلی مندی بن گیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان بھی جھوٹ بولتا ہے اور اس کے اراکین بھی جھوٹے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ ایک دوسرے پر لگائے گئے الزامات حذف کردوں گا۔ پی ٹی آئی ہنگامہ کرے گی تو اجلاس ملتوی کردوں گا۔